Time 01 اکتوبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کی جانب سے ایک بالکل نئی ڈیوائس آئندہ سال متعارف کرائے جانے کا امکان

ایپل کی جانب سے ایک بالکل نئی ڈیوائس آئندہ سال متعارف کرائے جانے کا امکان
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کو آئی فون، آئی پیڈ اور میک کمپیوٹرز کی تیاری کے لیے جانا جاتا ہے۔

اب یہ کمپنی ایک نئی ڈیوائس متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے ہوم پوڈ جیسے اسمارٹ ڈسپلے کو ایک نئے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ایسی پہلی ڈیوائس 2025 میں متعارف کرائی جا سکتی ہے۔

اس طرح کی ڈیوائس کے حوالے سے رپورٹس کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں اور اس نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے اسمارٹ ڈسپلے کو ایک روبوٹیک ہاتھ سے لیس کیا جائے گا۔

یہ روبوٹیک ہاتھ ڈیوائس کی اسکرین کو گھما سکے گا تاکہ صارف کے لیے بہتر نظارہ ممکن ہوسکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ڈیوائس 2 ورژنز میں دستیاب ہوگی، ایک کم قیمت کا اسمارٹ ڈسپلے ہوگا جس میں فیس ٹائم اور اسمارٹ ہوم کنٹرولز جیسے بنیادی فیچرز ہوں گے۔

دوسرا ورژن روبوٹیک ہاتھ والا ہوگا جس کی قیمت بھی زیادہ ہوگی۔

پہلے کم قیمت والا ورژن 2025 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس کے بعد مہنگا ورژن پیش کیا جائے گا۔

ایپل انٹیلی جنس نامی اے آئی ماڈل دونوں ورژنز کا حصہ ہوگا تاکہ صارفین آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز اس ڈیوائس پر استعمال کرسکیں۔

مزید خبریں :