01 اکتوبر ، 2024
ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ نے اسرائیل پر حملے کے بعد اہم بیان جاری کر دیا ہے۔
ایران نے منگل کو اسرائیل پر حملہ کردیا ہے اور کئی بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے گئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ لمحے قبل ایرانی فضائیہ نے کئی بلیسٹک میزائلوں کے ذریعے اسرائیل پر حملہ کیا جس میں کئی اہم فوجی و سیکیورٹی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔ان حملوں کی تفصیلات بعد میں بتائیں جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ آپریشن اعلیٰ قومی سلامتی کی منظوری، چیف آف آرمی اسٹاف کی اطلاع اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اور وزارت دفاع کی حمایت سے کیا گيا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نےخبردار کیا کہ اگر صیہونی حکومت نے، ملکی و عالمی قوانین کے مطابق کیے گئے اس آپریشن پر فوجی رد عمل ظاہر کیا تو اس کے بعد اسے زيادہ شدید اور تباہ کن حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد اپریل میں ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔
جولائی میں ایرانی دارالحکومت میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران میں اس حملے کا جواب دینے کے لیے دباؤ تھا تاہم ایران نے اس حملے کا جواب نہیں دیا تھا۔
گزشتہ دنوں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ بھی شہید ہوگئے تھے۔