01 اکتوبر ، 2024
پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دیے جا رہے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی ایرانی کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے دو کوریڈور استعمال کرتا ہے،ناردرن کوریڈور کینیڈا اور ترکی جانے والی پروازیں استعمال کرتی ہیں جبکہ سدرن کوریڈور یواے ای ، بحرین ،دوحہ اور سعودی عرب کے لیے استعمال کیاجاتا ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کردیا ہے اور کئی بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے سیکڑوں میزائل فائر کیے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے ہیں۔