01 اکتوبر ، 2024
اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کے مناظر سامنے آگئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ایرانی سرزمین سے میزائل داغے جاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
ایرانی سے داغے گئے میزائل اسرائیل میں متعدد مقامات پر گرتے ہوئے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کی جانب 400 بیلسٹک میزائل اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے۔
میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے بتایاکہ میزائل حملوں کے دوران شیلٹرز میں جانے کیلئے بھگدڑ میں کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی گئی۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فضائی حدود بند کردی گئیں اور ہوائی اڈوں پر موجود تمام مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ تہران ٹائمز کے مطابق ایران نے میزائل حملوں میں اسرائیل کے ایف 35 جہازوں کے اڈے نیواٹم ائیر بیس کو نشانہ بنایا۔