Time 02 اکتوبر ، 2024
دنیا

اپنے اصول پر قائم رہیں گے کہ جو بھی ہم پر حملہ آور ہوگا ہم اس پر حملہ کردیں گے: نیتن یاہو

اپنے اصول پر قائم رہیں گے کہ جو بھی ہم پر حملہ آور ہوگا ہم اس پر حملہ کردیں گے: نیتن یاہو
فوٹو: فائل

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کردی ہے، ایران کو اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

ایرانی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سکیورٹی کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  ایران نے اسرائیل پر  رات کے وقت سینکڑوں میزائل فائر کیے لیکن دنیا کے سب سے جدید ائیر ڈیفنس سسٹم کی بدولت ایران کا حملہ ناکام ہوا۔

نیتن یاہو نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز اور شہریوں کو حملے کی ناکامی پر مبارکباد پیش کی  جبکہ ایرانی حملہ ناکام کرنے میں مدد کرنے پر امریکا کا بھی شکریہ ادا کیا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر براہ راست حملہ کرکے بہت بڑی غلطی کردی ہے، وہ نہیں جانتے کہ ہم اپنے دفاع کیلئے اور دشمن کو جواب دینے کیلئے ہر حد تک جا سکتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بنائے ہوئے اصول پر قائم رہیں گے کہ جو بھی ہم پر حملہ آور ہوگا ہم اس پر حملہ کردیں گے۔

خیال رہے کہ ایران نے منگل کو اسرائیل پر حملہ کردیا اور کئی بیلسٹک میزائل داغ دیے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے گئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے۔

اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے کئی بلیسٹک میزائلوں کے ذریعے اسرائیل پر حملہ کیا جس میں کئی اہم فوجی و سکیورٹی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔ان حملوں کی تفصیلات بعد میں بتائیں جائیں گی۔

مزید خبریں :