02 اکتوبر ، 2024
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈز اینڈ پورز نے اسرائیل کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ کم کر دی۔
اسٹینڈرڈز اینڈ پورز کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسرائیل کی حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی شدت اختیار کر چکی ہے جس کے باعث اسرائیل کے لیے سکیورٹی خطرات بڑھ گئے ہیں، ہم یہ توقع کر رہے ہیں کہ اسرائیل کی غزہ میں جنگ اور جنوبی سرحد پر زمینی کارروائیاں 2025 میں بھی جاری رہیں گی۔
ریٹنگ ایجنسی کے مطابق ہم اسرائیلی معیشت کی بہتری کی توقع کر رہے تھے اور ہم نے دفاعی اخراجات اور بجٹ خسارے کے خدشے کے پیش نظر 2024 میں اسرائیل کی جی ڈی پی صفر فیصد اور 2025 میں 2 اعشاریہ 2 فیصد کی توقع کی تھی۔
اسٹینڈرڈز اینڈ پورز کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسرائیل کی ریٹنگ اے پلس سے اےکر دی گئی ہے اور آؤٹ لک طویل مدت تک منفی نظر آ رہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ اور دیگر علاقوں میں حملے جاری کر رکھے ہیں اور پورے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنانے کے باوجود اسرائیل اپنے یرغمالیوں کو رہا کروانے میں اب تک ناکام رہا ہے جبکہ اسرائیل نے لبنان میں پہلے پیجرز اور پھر واکی ٹاکی دھماکوں کے بعد حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کر کے حسن اللہ کو شہید کیا جس کے بعد سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بھی لڑائی میں شدت آ چکی ہے اور اسرائیلی فضائیہ لبنان کے رہائشی علاقوں پر مسلسل بمباری کر رہی ہے جس میں اب تک سیکڑوں افراد شہید اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ ایران نے بھی اسرائیل پر حملہ کر دیا ہے جس کے بعد اسرائیل کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ طویل ہوتی ہے تو اس کے خطے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔