Time 02 اکتوبر ، 2024
دنیا

ایرانی میزائل موساد ہیڈکوارٹر سے صرف ایک کلومیٹر دور گرے، امریکی اخبار کا دعویٰ

ایرانی میزائل موساد ہیڈکوارٹر سے صرف ایک کلومیٹر دور گرے، امریکی اخبار کا دعویٰ
میزائل گرنے کی ویڈیو ایک اونچی عمارت سے بنائی گئی ہے جو موساد ہیڈکوارٹر سے محض 3 کلومیٹر فاصلے پر واقع ہے: امریکی اخبار/ فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے گزشتہ روز کیے جانے والے میزائل حملوں میں سے کچھ میزائل اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر سے صرف ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر گرے۔ 

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے ایرانی میزائل حملوں کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں کچھ میزائلوں کو تل ابیب میں واقع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر سے ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ 

سی این این نے دعویٰ کیا کہ میزائل گرنے کی ویڈیو ایک اونچی عمارت سے بنائی گئی ہے جو موساد ہیڈکواٹر سے محض 3 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 

دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی تہران ٹائمز نے کل دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے میزائل حملوں میں اسرائیل کے ایف 35 جہازوں کے اڈے نیواٹم ائیر بیس کو نشانہ بنایا۔

تہران ٹائمز نے بتایا تھا کہ پاسداران انقلاب نے نیواٹم ائیر بیس سمیت دو اہداف پر ہائپر سونک فتح بیلسٹک میزائل داغے اور اپنے اہداف کو نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ روز اسرائیل کی جانب 400 بیلسٹک میزائل داغے جو اسرائیل کے متعدد شہروں میں جاکر گرے تھے۔ 


مزید خبریں :