فیکٹ چیک: پنجاب کے اسکولز میں27 ارب روپے کا دودھ سپلائی ٹھیکہ فوج کی زیر انتظام کمپنی کو دیا گیا؟

صرف میٹرو پاکستان کو صوبے کے تین اضلاع ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بچوں کو دودھ کے پیک فراہم کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنے 27 ارب روپے کے نیوٹریشن پروگرام کا ٹھیکہ فوج کی زیر انتظام ایک نجی کمپنی کو دیا ہے، جو اسکولز کے بچوں کو مفت دودھ فراہم کرے گی۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

23 ستمبر کو پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے نئے شروع کیے گئے اسکول نیوٹریشن پروگرام، جس کے تحت پرائمری سرکاری اسکولوں میں بچوں کو دودھ کے ڈبے مفت فراہم کیے جائیں گے،نے فوجی فوڈز لمیٹڈ کو ٹھیکہ دیا ہے، جو فوج کے زیر انتظام فوڈ اور ڈیری کمپنی ہے۔

آن لائن صارفین نے مزید دعویٰ کیا کہ معاہدے کے ذریعے فوجی فوڈز لمیٹڈ کو 7.1 ارب روپے کا منافع حاصل ہوگا۔ اس دعویٰ کو کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے۔

حقیقت

حقیقت میں، نیوٹریشن پروجیکٹ کا ٹھیکہ میٹرو پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کو گیا ہے، فوجی فوڈز لمیٹڈ کو نہیں، پنجاب حکومت کے ایک اہلکار اور میٹرو کے ایک ملازم نے تصدیق کی۔

پنجاب کے وزیر تعلیم کے فوکل پرسن فہد نثار نے جیو فیکٹ چیک کو ایک تحریری جواب کے ذریعے بتایا کہ صوبے کے تین اضلاع میں بچوں کو دودھ کے پیکٹ فراہم کرنے کا ٹھیکہ صرف میٹرو پاکستان کو دیا گیا ہے، جن میں ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور شامل ہیں۔

فہد نثار نے مزید کہا کہ میٹرو کے ساتھ معاہدہ 30 مئی 2025 تک کارآمد ہے۔ ان کے مطابق رواں سال مئی میں منصوبے کے لیے اشتہار دینے کے بعد، چار کمپنیوں نے بولی کے عمل کے لیے کوالیفائی کیا لیکن صرف دو (اینگرو پاکستان اور میٹرو پاکستان) نے اپنی بولیاں جمع کرائیں۔ فوجی فوڈز نے اس منصوبے کے لیے درخواست تک نہیں دی۔

ان کے مطابق جمع کرائی گئی بولیوں میں میٹرو پاکستان کی بولی سب سے کم تھی۔

اہلکار نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ”ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں الٹرا ہائی ٹمپریچر (UHT) فل کریم دودھ کی قیمت، بشمول پندرہ روزہ ڈیلیوری، 64 روپے فی 175 ملی لیٹر اور راجن پور کے لیے قیمت 63.75 روپے ہے۔“

جیو فیکٹ چیک نے تفصیلات کے لیے میٹرو پاکستان سے رابطہ بھی کیا۔

میٹرو پاکستان کے کارپوریٹ امور کے ڈویژن مینیجر حماد حیدر نے بھی تصدیق کی کہ میٹرو پاکستان اور راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں ضلعی تعلیمی اتھارٹیز کے درمیان ایک فعال معاہدہ ہے۔

انہوں نے مزید تردید کی کہ معاہدہ کسی دوسری کمپنی کے ساتھ مشترکہ منصوبہ تھا، ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کی مجموعی مالیت بشمول ٹیکسز 5 ارب روپے ہے ۔

5 ستمبر کو، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سٹنٹنگ سے نمٹنے کے لیے صوبے میں چھوٹے بچوں کو مفت دودھ فراہم کرنے کے لیے 27 ارب روپے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ اس منصوبے کو ابتدائی طور پر ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور میں شروع کیا گیا ہے جہاں غذائیت کی کمی اور سٹنٹنگ کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

پروجیکٹ سے متعلق ایک اور فیکٹ چیکٹ اسٹوری یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرامgeo_factcheck @پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو geofactcheck@geo.tv پر ہم سے رابطہ کریں۔