02 اکتوبر ، 2024
پاکستان کی بلاک بسٹر فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی بھارتی سنیما گھروں میں نمائش روک دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپر اسٹار فواد خان اور ماہرہ خان کی بلاک بسٹر فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' آج بھارتی پنجاب کے سنیما گھروں میں پیش کی جانی تھی لیکن اب اس کی ریلیز کو ملتوی کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا نے بتایاکہ بھارت میں 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کے فلم ڈسٹری بیوٹر اور پاکستانی فلم پروڈیوسر ندیم مانڈوی والا نے فلم کی ریلیز ملتوی ہونے کے خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی حکم امتناع کے باعث فلم کو روکا گیا ہے۔
ندیم مانڈوی والا نے کہا کہ "بدقسمتی سے فلم کی ریلیز ایک بار پھر روک دی گئی ہے اور کوئی اس وقت تک کچھ نہیں کرسکتا جب تک عدالت اپنا فیصلہ نہیں دیتی"۔
واضح رہے اس سے قبل بھارت میں ہندو انتہاپسند پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں ریلیز روکنے کیلئے دھمکیاں بھی دے چکے ہیں۔
ہندو انتہاپسند جماعت مہاراشٹرا نونریمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ریاست مہاراشٹرا کے تھیٹر مالکان کو دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ فلم کو کسی صورت ریاست میں ریلیز ہونے نہیں دیا جائے گا۔
خیال رہےکہ 1979 کی کلاسک مولا جٹ کی ری میک فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے دنیا بھر میں ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا۔