02 اکتوبر ، 2024
بھارت کے رئیلٹی شو ’بگ باس‘ او ٹی ٹی سیزن 3 میں شریک امیدوار عدنان شیخ کی بہن نے بھابھی کی تصاویر لیک کردیں۔
بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر عدنان شیخ نے بگ باس او ٹی ٹی کے سیزن 3 میں شرکت کی اور انہیں وہیں سے مزید شہرت ملی۔
عدنان شیخ گزشتہ دنوں اپنی دوست سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں اور ان کی اہلیہ کا نام عائشہ ہے۔
عدنان کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر میں اہلیہ نے چہرے پر ماسک پہن رکھا ہے اور نہ ہی کسی تقریب میں بغیر ماسک شرکت کی۔ عدنان شیخ کے مداح بھی ان کی اہلیہ سے متعلق جاننے کیلئے بے قرار ہیں۔
لیکن اب عدنان شیخ کی ناراض بہن عفت شیخ نے انسٹاگرام پر بھابھی کی تصاویر لیک کردیں اور ساتھ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھابھی ہندو تھیں اور اسلام قبول کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھاکہ بھائی نے ایک ہی کام اچھا کیا ہے اور ہندو لڑکی کو مسلمان کیا جس کا نام ردھی یادیو تھا اور اب عائشہ شیخ ہے۔
عفت شیخ نے انسٹاگرام کی اسٹوری پر تصاویر پوسٹ کیں۔
دوسری جانب عدنان شیخ کی بہن نے الزام عائد کیا ہے کہ والدین سے ملنے اسپتال گئی تھی جہاں بھائی نے تشدد کا نشانہ بنایا اور میرے سسر کو بھی زخمی کیا۔
عدنان شیخ کی بہن نے ممبئی کے مقامی تھانے میں بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ عدنان شیخ نے ویڈیو بیان میں بہن کی جانب سے تشدد کے الزامات کو من گھڑت قرار دے دیا۔