پاکستان

وزیر اعظم سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات، پہلے دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں

وزیراعظم شہباز شریف سے دورہ پاکستان پر آئے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ہے۔ 

اسلام آبادمیں ہونےوالی ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا، امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے، آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے کہا کہ میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں، آپ کے لیکچر انتہائی پر مغز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں، مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔ 

اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بھی کہا کہ پاکستان آکر میری بڑی خواہش پوری ہوگئی،  پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں،اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں ، اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دوں گا۔

واضح رہے کہ ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکرنائیک 10 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :