Time 01 اکتوبر ، 2024
پاکستان

آپ نے ہمارے گھر آکر گھر کو رونق بخشی، فضل الرحمان سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات

آپ نے ہمارے گھر آکر گھر کو رونق بخشی، فضل الرحمان سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات
فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی، ڈاکٹر ذاکر نائیک، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی— فوٹو: جے یو آئی

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ہے۔

ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے مہمان کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دیے، ڈاکٹر ذاکرنائیک نے انہیں پرفیوم کا تحفہ دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی، ڈاکٹر صاحب جیسے سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا اور امت مسلمہ کا اتحاد واتفاق مشترکہ ہدف ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھاکہ فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی، کل کچھ دوست ملنے آئے میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کروں گا، پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا، قرآن کریم کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا سب اچھا پیشہ دعوت کا ہے، امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہونے کی ضرورت ہے، میرے تبلیغی کام کا مقصد دنیا میں اسلام کاامن ومحبت کے حقیقی پیغام اجاگر کرنا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی۔

مزید خبریں :