Time 03 اکتوبر ، 2024
کاروبار

پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ٹرانس شپمنٹ پورٹ کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے

پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ٹرانس شپمنٹ پورٹ کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے
 ڈنمارک کی شپنگ کمپنی پاکستان میں ٹرانس شپمنٹ پورٹ بزنس کا آغاز آج سے کردے گی: اعلامیہ— فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور تشکیل نو کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصراحمد شیخ نے پائیدار انفراسٹرکچر پروجیکٹ کے لیے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے جبکہ پاکستان میں تعینات ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف نے ڈنمارک کے وزیر صنعت، کاروبار اور مالیاتی امور کی جانب سے دستخط شدہ ایم او یو پیش کیا۔

اس مفاہمتی یادداشت کے بعد مارسک (ڈنمارک کی شپنگ کمپنی) پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں تقریباً 2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے۔

مفاہمتی یادداشت کی اس تقریب میں وزیر خزانہ محمد اور نگزیب، وزیر تجارت جام کمال، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر صنعت و تجارت رانا تنویر، وزیر توانائی اویس لغاری، ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسد الرحمان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قیصراحمد شیخ نے کہا کہ ہم میری ٹائم سیکٹر میں اس شاندار پیشرفت پر ڈنمارک کی حکومت کے بے حد مشکور ہیں، اس یادداشت کے نتیجے میں وزارت بحری امورتمام بندرگاہوں میں لاجسٹک کے نظام کو مربوط کرسکتی ہے، کراچی میں گہرے پانی کا کنٹینر ٹرمینل قائم کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی بحری تنظیم اوریورپی یونین کے معیار کے مطابق گڈانی میں جہازوں کی ری سائیکلنگ کی سہولیات بہتربناسکتی ہے، پاکستان میرین اکیڈمی کے نصاب اور دیگر چیزوں میں جدت کے لانے کے ساتھ ساتھ بندرگاہوں کو مسلسل تکنیکی اور تربیتی مدد فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ پاکستان میں کنٹینرائزڈ درآمدات اور برآمدات میں مارسک کے پاس سب سے زیادہ (20 فیصد) مارکیٹ شیئر ہے، اس کے علاوہ اس کمپنی کا عالمی مارکیٹ میں سرمایہ تقریباً 175 بلین ڈینش کرون ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت بحری اموراورڈنمارک کی حکومت اس مفاہتمی یادداشت کے لئے گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل کام کررہی تھی۔

پاکستان میں ڈنمارک کے سفیرجیکب لنلف نے بھی اس پیشرفت پر حکومت پاکستان اور وزیربحری امور کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :