Time 03 اکتوبر ، 2024
دنیا

سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، امریکا کا پاسدارانِ انقلاب پر پابندی کا مطالبہ

سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس، امریکا کا پاسدارانِ انقلاب پر پابندی کا مطالبہ
فوٹو: فائل

اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکا نے پاسدارانِ انقلاب پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں روس کا کہنا تھا کہ اسرائیل، ایران اور امریکا کے درمیان جنگ چھیڑنا چاہتا ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے متعلق چین نے کہا اسرائیل تنازع بڑھانے والے اقدامات سے باز رہے۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹیرس کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے، اب دو ریاستی حل کا وقت آگیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کی ایران کو بھاری قیمت چکانی ہوگی، ایران کو ایسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے جو اس کے تصور سے بھی باہر ہوں گے۔

اسرائیلی مندوب نے کہا کہ ایران تمام مہذب قوموں اور اپنے ہی عوام کا دشمن ہے، سلامتی کونسل ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔

اجلاس سے خطاب میں ایرانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل خطے کو ناقابل بیان تباہی کے دہانے پر دھکیل رہا ہے، کشیدگی میں اضافہ روکنے کا واحد حل یہ ہے کہ اسرائیل غزہ اور لبنان میں جنگ بند کرے ۔

ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی گذشتہ دو ماہ سے جاری اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں اور خطے میں توازن اور کشیدگی کی روک تھام کیلئے ایران کے میزائل حملے ضروری تھے، اسرائیل کو ہر اشتعال انگیزی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ایرانی مندوب نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اسرائیل کے جنگی جرائم کو رُکوانے میں کردار ادا کرے۔

مزید خبریں :