03 اکتوبر ، 2024
بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے اٹھارہویں سیزن کا آغاز کچھ ہی دنوں میں ہونے جارہا ہے اور اس شو کے امیدواروں سے متعلق مختلف خبریں وقتاً فوقتاً سامنے آرہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مشہور کامیڈی ڈرامہ 'تارک مہتا کا الٹا چشمہ' میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ دیشا وکانی (دیا بین) کو بھی اس سیزن کا حصہ بننے کی پیشکش کی گئی۔
حیران کن بات یہ ہے کہ اداکارہ کو اب تک کی سب سے بڑی رقم کی پیشکش کی گئی، یعنی اس سے قبل اتنی رقم کسی سلیبریٹی کو آفر نہیں کی گئی، یہ پہلی بار ہے کہ بگ باس میکرز نے اتنی بڑی پیشکش کسی کو کی۔
رپورٹ کے مطابق دیشا کو ماضی میں کئی سیزنز میں شرکت کی پیشکش کی گئی جسے اداکارہ نے قبول نہیں کیا لہٰذا اس سال میکرز کسی بھی صورت انہیں شو کا حصہ بنانا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے دیشا وکانی کو 65 کروڑ کی بھاری بھرکم رقم کی پیشکش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مداحوں کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ اداکارہ نے اس رقم کے باوجود شو میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
واضح رہے کہ دیشا وکانی نے ٹی وی ڈیبیو کرنے سے پہلے گجراتی تھیٹر میں کام کیا ہے، انہوں نے کئی گجراتی فلموں میں کام کیا اور یہاں تک کہ بالی وڈ میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا۔
وہ دیوداس (2002) اور جودھا اکبر (2008) جیسی فلموں میں معاون کرداروں میں نظر آئیں۔