Time 03 اکتوبر ، 2024
دنیا

تھائی لینڈ میں حادثے کا شکار اسکول بس میں سوار 25 افراد جھلس کر ہلاک

تھائی لینڈ میں حادثے کا شکار اسکول بس میں سوار 25 افراد جھلس کر ہلاک
 بس کا ایک ٹائر پھٹنے سے وہیل میں آگ لگ گئی جس نے بہت تیزی سے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا: ریسکیو حکام

تھائی لینڈ میں حادثے کا شکار ہونے والی اسکول بس میں 22 طلبہ اور 3 استاد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے مضافات میں منگل کی صبح ایک اسکول بس میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب اسکول کے بچے اور اساتذہ بس میں سوار ہو کر تعلیمی دورے پر جا رہے تھے، بس کا ایک ٹائر پھٹنے سے وہیل میں آگ لگ گئی جس نے بہت تیزی سے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

رپورٹ کے مطابق بس میں اساتذہ اور طلبہ سمیت کل 44 افراد سوار تھے جن میں 38 طالب علم اور 6 ٹیچر شامل تھے جب کہ حادثے میں 25 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور متعدد زخمی ہیں۔

تھائی پولیس کے مطابق بس میں سوار 19 افراد کو ریسکیو کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ 22 طلبہ اور 3 استاد بس کے اندر پھنسے رہنے کی وجہ سے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تاہم بعد ازاں پولیس نے اسے حراست میں لیکر تفتیش آغاز کر دیا۔

دوسری جانب تھائی لینڈ کی ٹرانسپورٹ منسٹری نے اس حادثے کے بعد فوری ایکشن لیتے ہوئے دو ماہ میں تمام پبلک بسوں کی انسپیکشن کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

مزید خبریں :