03 اکتوبر ، 2024
میٹا کی جانب سے ایک ایسا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹرانسلیشن ٹول تیار کیا گیا ہے جو مختلف زبانوں میں بننے والی فیس بک اور انسٹا گرام ریلز (ویڈیوز) کو آپ کی زبان میں ترجمہ کردے گا۔
یہ ایسا منفرد ٹول ہے جو ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ بدل کر رکھ دے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ اے آئی ٹول خودکار طور پر ریلز میں موجود آڈیو کا ترجمہ کر دے گا تاکہ آپ مختلف زبانوں میں ریکارڈ کیے جانے والے مواد سے لطف اندوز ہوسکیں۔
یہ ٹول آٹومیٹک ڈبنگ اور lip syncing کو استعمال کرکے بولنے والے کی آواز کو ایک سے دوسری زبان تبدیل کر دے گا اور دیکھنے والوں کو یہی لگے کہ ویڈیو میں موجود کردار ان کی زبان میں ہی بات کر رہے ہیں۔
ابھی کمپنی کی جانب سے امریکا میں محدود پیمانے پر اس ٹول کی آزمائش انگلش اور ہسپانوی زبانوں کی ویڈیوز تیار کرنے والے صارفین پر کی جا رہی ہے۔
میٹا کی جانب سے مستقبل قریب میں دیگر زبانوں کی سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
کمپنی کو توقع ہے کہ اس ٹول سے فیس بک اور انسٹا گرام کی مختصر ویڈیوز دیکھنے والے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
اس طرح میٹا کو ٹک ٹاک جیسے حریف کو ٹکر دینے میں مدد ملے گی۔