03 اکتوبر ، 2024
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان سے نوازا، تقریب میں سول اور عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔
صدر آصف زرداری سے ملائیشیا کے وزیراعظم کی ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تجارت، معیشت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ ابتدا میں پاکستان سےایک لاکھ ٹن چاول کی کھیپ لیں گے، پاکستان سے حلال گوشت کی برآمدات کو 2 سو ملین ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے انور ابراہیم نے کہا کہ شہباز شریف کام کرنےوالے شخص ہیں اور یہ سب جانتے ہیں، وزیراعظم پاکستان کی کام کرنے کی لگن پاکستان کے مفاد میں ہے۔
ملائیشیا پاکستان بزنس ڈائیلاگ سے خطاب میں ملائیشین وزیراعظم نے کہا معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ملائیشین وزیراعظم نے کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔