Time 04 اکتوبر ، 2024
دنیا

بیٹی کی گرفتاری اور ویڈیو لیک کی جھوٹی کال پر ماں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی

بیٹی کی گرفتاری اور ویڈیو لیک کی جھوٹی کال پر ماں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی
افسوسناک واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں پیش آیا جہاں ایک نامعلوم شخص نے خاتون مالتی ورما کو واٹس ایپ کال کی: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو

بھارت میں ایک خاتون کو بیٹی کی گرفتاری کی جھوٹی خبر دینے اور رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کرنے پر  خاتون دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں پیش آیا جہاں ایک نامعلوم شخص نے خاتون مالتی ورما کو واٹس ایپ کال کرکے بتایا  کہ اس کی بیٹی کو فحاشی کا اڈہ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق فون کرنے والے شخص نے جھوٹ بولتے ہوئے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا اور مالتی ورما سے کہا کہ اگر وہ اپنی بیٹی کو مقدمے سے بچانا چاہتی ہیں تو انہیں دیے گئے اکاؤنٹ پر ایک لاکھ روپے بھیجیں ورنہ ان کی بیٹی کی ایک ویڈیو بھی لیک کردی جائے گی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کے بیٹے دیپانشو نے بتایا کہ ان کی والدہ سرکاری اسکول میں پڑھاتی ہیں اور انہیں اس وقت ایک کال آئی جس کے بعد وہ گھبرا گئیں مگر میں نے انہیں سمجھایا کہ میری بہن سے بات ہوئی ہے وہ اپنے کالج میں ہے اور ٹھیک ہے جب کہ جو کال آئی ہے وہ جعلی اور فراڈ ہے۔ 

 دیپانشو نے بتایا کہ ان کی یقین دہانی کے باوجود ان کی ماں بہت پریشان رہیں اور جب وہ اسکول سے واپس گھر آئیں تو انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ چل بسیں۔

مزید خبریں :