Time 05 اکتوبر ، 2024
دنیا

آئرلینڈ نے لبنانی بارڈر سے اپنا فوجی امن مشن واپس بلانے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی

آئرلینڈ نے لبنانی بارڈر سے اپنا فوجی امن مشن واپس بلانے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی
اقوام متحدہ کے امن مشن یونیفل میں شامل آئرلینڈ کا دستہ اسرائیل لبنان بارڈر کی پوسٹ 52-6 پر تعینات ہے— فوٹو: فائل

آئرلینڈ نے اسرائیلی فوج کی  اسرائیل لبنان بارڈر سے آئرش امن مشن فوجی دستہ واپس بلانے کی درخواست مسترد کردی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے آئرلینڈ سے درخواست کی تھی کہ وہ اسرائیل لبنان بارڈر کی پوسٹ 52-6 سے اقوام متحدہ کے امن مشن  میں شامل اپنا فوجی دستہ واپس بلالے تاہم ڈبلن نے اسرائیلی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے 1978 میں لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے انخلا کی مانیٹرنگ کیلئے یونائیٹڈ نیشنز انٹیرم فورس ان لبنان (یونیفل) اور اَن آرمڈ ٹیکنیکل آبزرورز (انٹسو) کا قیام عمل میں لایا گیا تھاجو  اپنے قیام  سے اب تک لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور دیگر معاملات نگرانی کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے یونیفل امن مشن دستے میں 10 ہزار کے قریب فوجی شامل ہیں جو حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کرتے ہیں، آئرلینڈ کا دستہ جس پوسٹ پر تعینات ہے وہاں سرحدی دراندازی کا مشاہدہ اور اسے رپورٹ کرنا اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے آئرلینڈ سے کی گئی درخواست کے بعد خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیوں میں اضافہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر سرحدی دراندازی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

یونیفل نے اسرائیل پر واضح کردیاہے کہ اسرائیل لبنان سرحد سے اقوام متحدہ کا امن مشن دستہ واپس نہیں بلایا جائے گا بلکہ وہ خطے میں استحکام کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید خبریں :