Time 06 اکتوبر ، 2024
دنیا

بھارتی فورسز کا 36 ماؤ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

بھارتی فورسز کا 36 ماؤ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
ماؤ علیحدگی پسند ایک تحریک کے طور پر شروع ہوئی جس نے غریب مقامی برادریوں کے لیے روزگار، زمین اور قدرتی وسائل سے زیادہ سے زیادہ دولت کے حصول کا مطالبہ کیا/ فوٹو ای پی اے

بھارت سکیورٹی فورسز نے وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے درجنوں مشتبہ ماؤ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز اور مشتبہ ماؤ علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپ کا واقعہ جمعے کے روز پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی  فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھتیس گڑھ کے نارائن پور اور دنتے واڑہ اضلاع کے درمیان سرحد پر واقع ابوجھماد جنگل میں تقریباً 50 مشتبہ باغیوں کو گھیر لیا۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ کے نتیجے میں 36  مشتبہ ماؤ علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

بھارتی فورسز نے کارروائی میں بھارتی سکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان سے متعلق آگاہ نہیں کیا جبکہ ماؤ علیحدگی پسندوں کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ بھارتی فورسز 1967 سے ماؤ علیحدگی پسندوں کے ساتھ جنگ لڑ رہی ہے، جنہیں نکسلائٹس کے نام سے جانا جاتا ہے۔

ماؤ علیحدگی پسند ایک تحریک کے طور پر شروع ہوئی جس نے غریب مقامی برادریوں کے لیے روزگار، زمین اور قدرتی وسائل سے زیادہ سے زیادہ دولت کے حصول کا مطالبہ کیا۔

اس کے علاوہ چینی انقلابی رہنما ماؤ زے تنگ سے متاثر  یہ گروپ کئی وسطی اور شمالی ریاستوں میں سرگرم ہیں۔

مزید خبریں :