Time 06 اکتوبر ، 2024
صحت و سائنس

بالوں کو لمبا کرنے کیلئے لونگ کا پانی کیسے استعمال کیا جائے؟

بالوں کو لمبا کرنے کیلئے لونگ کا پانی کیسے استعمال کیا جائے؟
لونگ میں پائی جانے والی سوزش سے لڑنے کی خاصیت سر کی جلد کو خشکی اور بالوں کو گرنے سے روکتی ہے جبکہ یہ سر میں ہونے والی خارش سے بھی بچاتی ہے__ فوٹو: فائل

لونگ کا شمار گرم مصالحہ جات میں کیا جاتا ہے جس کا استعمال صدیوں سے کیا جارہا ہے جو ہر گھر کے کچن کی ضرورت ہے۔

لونگ اپنی تیز خوشبو اوراینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات کی وجہ سے جانی جاتی ہے جو ایک درخت سے حاصل کی جاتی ہے۔

یوں تو لونگ کے بے شمار فوائد اور اس کے مختلف استعمال ہیں لیکن بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہوں گے کہ لونگ کا پانی بالوں کو لمبا کرنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

لونگ میں پائی جانے والی سوزش سے لڑنے کی خاصیت سر کی جلد کو خشکی اور بالوں کو گرنے سے روکتی ہے جبکہ یہ سر میں ہونے والی خارش سے بھی بچاتی ہے۔

اس کے علاوہ لونگ کا پانی خون کی گردش کو بہتر بنا کر بالوں کی جڑوں کو مضبوط اور بالوں کو لمبا بھی بناتا ہے۔

لونگ کا پانی کیسے بنایا جائے؟

لونگ کے پانی کو تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے 2 کپ پانی میں دو کھانے کے چمچ لونگیں لے کر 5 منٹ کے لیے پانی کو پکائیں اور پھر اس پانی کو پوری رات ایسے ہی رکھا رہنے دیں اور صبح پانی کو چھان کر لونگ کو پھینک دیں۔

اب اس پانی کو کسی  بھی بوتل میں ڈال کر محفوظ کرلیں اور پھر سر میں 10 منٹ کے لیے لگا رہنے دیں جس کے بعد ہلکے ہاتھ سے مساج کرکے اپنا سر معمول کے مطابق صاف کرلیں۔

مزید خبریں :