06 اکتوبر ، 2024
فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کو ایک سال مکمل ہونے کے بعد اسرائیلی جارحیت کا دائرہ لبنان تک وسیع ہو گیا ہے اور گزشتہ شب حزب اللّٰہ کے ہتھیاروں کے ڈپو کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی افواج نے بیروت کے جنوبی مضافات میں 30 سے زائد حملے کیے۔
ایسے میں لبنانی شہری حزب اللّٰہ کے ان ہتھیاروں کو منظرِ عام پر لے آیا جن کی بنیاد پر اسرائیل نے گزشتہ شب دارالحکومت بیروت، داحیہ اور جنوبی مضافاتی علاقوں پر بھاری بمباری کی۔
ان حملوں سے لبنان کا دارالحکومت اور اس کے جنوبی مضافاتی علاقے رات بھر گونجتے رہے، آگ اور بارود فضا میں بلند ہوتا میلوں دور تک دیکھا گیا۔
صبح ہونے پر لبنان کے رہائشی نے ویڈیو جاری کرکے حزب اللّٰہ کے ان ہتھیاروں کی نمائش کر دی جس کے بارے میں اسرائیلی افواج نے دعویٰ کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ابو حسین نامی لبنانی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اس نے حزب اللّٰہ کے ان ہتھیاروں کی نمائش کی جن کی بنیاد پر اسرائیلی افواج نے لبنان میں 30 سے زائد حملے کیے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ابو حسین نامی لبنانی شہری اپنے معصوم، بے زبان، پالتو جانوروں کی لاشوں کو ہاتھوں میں اٹھا کر نمائش کر رہا ہے اور اپنے ٹوٹے ہوئے دل اور روتی ہوئی آواز میں بتا رہا ہے کہ اسرائیل نے یہاں بمباری کی کیونکہ یہاں اسلحہ چُھپایا گیا ہے، آؤ دیکھو یہ ہیں وہ ہتھیار جو ہم نے اپنے گھروں میں رکھے ہیں، جن سے اسرائیل کو خطرہ ہے، یہ مردہ پرندے۔
اپنے غم اور غصے کا اظہار کرتا لبنانی شہری مزید کہتا ہے کہ صرف یہی نہیں بلکہ یہاں تو ہتھیاروں کی پوری دُکان موجود ہے جس میں پرندوں کے علاوہ بچے، گھر، گھر کا ساز و سامان بھی موجود ہے جس سے ہم اسرائیل پر حملہ کرسکتے ہیں۔
ابو حسین کا کہنا ہے اسرائیل اپنی بربریت کا دائرہ مزید وسیع کرے گا، اسرائیل غیر فطری جرائم کا مرتکب ہے۔