Time 06 اکتوبر ، 2024
دنیا

آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کی نگرانی کرنیوالے جنرل کو اعلیٰ ترین فوجی اعزاز دیدیا

آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کی نگرانی کرنیوالے جنرل کو اعلیٰ ترین فوجی اعزاز دیدیا
’نشان فتح‘ کسی عسکری کامیابی پر دیا جانے والا ایران کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔

اسرائیل پر میزائل حملے کی نگرانی کرنے والے پاسداران انقلاب کے جنرل کو ایران کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز سے نواز دیا گیا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایرانی پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس ڈویژن کے سربراہ امیر علی حاجی زادے کو ایران کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز ’نشان فتح‘ سے نوازا۔

عرب میڈیا کے مطابق ’نشان فتح‘ کسی عسکری کامیابی پر دیا جانے والا ایران کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔

نشان فتح دیے جانے کا آغاز 1980 کی دہائی کی ایران عراق جنگ کے بعد ہوئی اور اب تک یہ اعزاز چند ہی لوگوں کو دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایران نے پیر کے روز اسرائیل پر 190 بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے اور اس حوالے سے ایران کے پاسداران انقلاب کا دعویٰ تھا کہ 90 فیصد میزائل نے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو امریکا کی مدد سے ناکام بنا دیا، کچھ میزائل زمین پر گرے تاہم ان میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایران کی جانب سے حملے کے بعد صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ صیہونی ریاست کی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن جواب دیا گیا ہے جبکہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل پر اگلا حملہ اس سے بھی کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔

بعدازاں اسرائیلی فوج نے اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے دوران اسرائیلی فضائی اڈوں پر میزائل گرنے کی تصدیق کی،  اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی میزائل کچھ اسرائیلی فضائی اڈوں پر گرے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل گرنے کے نتیجے میں فضائی اڈوں کی انتظامی عمارتوں اور جہازوں کی مرمت کی جگہوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید خبریں :