Time 06 اکتوبر ، 2024
دنیا

طوفان الاقصیٰ کا ایک سال مکمل ہونے پر نئے حملے کا خطرہ، اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر فوج بڑھادی

طوفان الاقصیٰ کا ایک سال مکمل ہونے پر نئے حملے کا خطرہ، اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر فوج بڑھادی
اسرائیلی فوج کے غزہ ڈویژن میں مزید 3 پلاٹون شامل کی گئی ہیں— فوٹو: فائل

اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر حملوں کو ایک سال مکمل ہونے پر نئے حملوں کے خطرے کے پیش نظر غزہ کی سرحد پر مزید فوج تعینات کردی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 7 اکتوبر حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر کسی ممکنہ حملے کی صورت میں اسرائیلی بستیوں کا دفاع کرنے کے لیے مزید فوج تعینات کی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ ڈویژن میں مزید 3 پلاٹون شامل کی گئی ہیں تاکہ غزہ کے سرحدی علاقوں اور جنوبی آبادیوں کا دفاع کیا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے اندر فوج کے 3 ڈویژن  حماس کی صلاحیتوں کو کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اسرائیلی فوج آنے والے دنوں کے لیے چوکس اور تیار ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے علی الصبح غزہ کے اطراف میں موجود آبادیوں اور فوجی اڈوں پر حملہ کیا تھا۔

 اس حملے میں 1200 کے قریب اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے جبکہ 250 سے قریب اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

7 اکتوبر کے بعد سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک تقریباً 42 ہزار افراد شہید اور 96 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد لاپتا ہیں۔

مزید خبریں :