07 اکتوبر ، 2024
ماضی کی سپر ہٹ بالی وڈ اداکارہ ریکھا کو مختلف تقاریب میں آج بھی روایتی انداز میں سجا سنورا دیکھا جاتاہے اور اس تیاری میں شوہر مکیش اگروال کی موت کے باوجود ریکھا کی مانگ میں بھرا سندور بھی شامل ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ ریکھا شوہر کی موت کے باوجود مانگ میں سندور کیوں لگاتی ہیں؟
حال ہی میں بالی وڈ ڈیزائنر مہیش ملہوترا کے اسٹور کی لانچنگ کی تقریب میں ایک بار پھر ریکھا کو آف وائٹ ساڑھی پر سندور لگائے دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکھا کو پہلی مرتبہ 1980 میں رشی کپور اور نیتو کپور کی شادی پر سندور لگائے دیکھا گیا تھا، اس شادی میں بگ بی امیتابھ بچن اور جیا بچن سمیت کپور خاندان کے افراد بھی ریکھا کا سندور دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس شادی کی تقریب میں شامل مہمانوں کو ریکھا نے بتایا تھا کہ وہ شادی میں آنے سے قبل سندور کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کررہی تھیں اور شادی میں آتے ہوئے وہ یہ سندورر ہٹانا بھول گئیں لیکن اس تقریب کے بعد بھی ریکھا کو اکثرو بیشتر سندور لگائے دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 1982 میں ریکھا کو جب فلم ’امراؤ جان‘ میں بہترین اداکاری کیلئے بیسٹ ایکٹریس کے ایوارڈ سے نوازا گیا تو ان سےسوال پوچھا گیا کہ آپ کی مانگ میں سندور کیوں ہے؟ جس پر ریکھا نے بتایا تھا کہ ’میرا تعلق جس شہر سے ہے وہاں سندور لگانا فیشن ہے‘۔
1990 میں بھارت کے معروف صنعتکار مکیش اگروال سے شادی کے بعد ریکھا کو سندور کے ساتھ دیکھا گیا لیکن ان کی موت کے بعد بھی ریکھا نے مانگ سے سندور نہیں ہٹایا۔
2008 میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران ریکھا نے ایک بار پھر اس موضوع پر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ ’ مجھے لگتا ہے کہ سندور مجھ پر سوٹ کرتا ہے اور میں لوگوں کے ردعمل کی فکر نہیں کرتی‘۔