07 اکتوبر ، 2024
جاپان کی خوش قسمت ترین سمجھی جانے والی خاتون جو ایک سال میں 500 بار ریفل یا قرعہ اندازی کے ذریعے انعام جیتنے میں کامیاب رہی۔
کانائی ہرایاما نامی خاتون نے ایک سال میں قرعہ اندازی کے ذریعے 70 ہزار ڈالرز کے قریب مالیت کے انعامات جیتے اور اب انہیں لکی کوئین کی عرفیت سے جانا جاتا ہے۔
ایک ٹی وی شو کے دوران انہوں نے اپنی اس کامیابی کا راز بتایا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے گھر کا 50 فیصد سے زیادہ سامان قرعہ اندازی سے جیتے جانے والے انعامات پر مبنی ہے۔
جاپان میں کاروباری اداروں کی جانب سے آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات دینے کا سلسلہ کافی عام ہے اور اسے مؤثر مارکیٹنگ حکمت عملی تصور کیا جاتا ہے۔
کانائی ہرایاما نے بتایا کہ وہ متعدد چیزیں جیسے پتیلیاں، کپ، بچوں کے کھلونے اور دیگر بہت کچھ اس طرح جیت چکی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ متعدد مہنگی اشیا جیسے ایک لاکھ جاپانی ین کا water purifier بھی جیت چکی ہیں۔
مگر سب سے قیمتی انعام 40 لاکھ ین مالیت کی گاڑی ہے۔
خاتون کے مطابق آن لائن انعامات جیتنے کے حوالے سے ان کی کامیابی کا راز مختلف حکمت عملیوں میں چھپا ہوا ہے۔
سب سے پہلے تو وہ قرعہ اندازی کے لیے رجسٹریشن کو ہر ممکن حد تک تاخیر سے کرنے کی کوشش کرتی ہیں کیونکہ ان کے خیال میں طے شدہ مدت کے آخر میں نام کا اندراج کرانے سے جیتنے کا موقع بڑھتا ہے۔
اسی طرح سال کے شروع اور آخر میں ریفلز میں رجسٹریشن سے کامیابی کا امکان بڑھتا ہے کیونکہ اس وقت کم لوگ ایسا کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہر صبح 6 بجے اٹھ جاتی ہیں اور اپنے خاندان کے لیے ناشتہ تیار کرکے مختلف ریفلز کے بارے میں سرچ کرتی ہیں۔
روزانہ اوسطاً 4 گھنٹے وہ اس کام کے لیے وقف کرتی ہیں۔