Time 08 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

کس گیت کے بعد عاطف اسلم نے مائی ڈھائی کیساتھ گانے کی خواہش ظاہر کی تھی؟

کس گیت کے بعد عاطف اسلم نے مائی ڈھائی کیساتھ گانے کی خواہش ظاہر کی تھی؟
کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں مائی ڈھائی اور عاطف اسلم کا راجستھانی زبان میں گایا گیت 'کدی آوہ نی رسیلا 'کافی مقبول ہوا تھا—فوٹو: انٹرنیٹ

آرٹس کونسل، جیو اور جنگ کے اشتراک سے کراچی میں 42 روزہ عالمی ثقافتی میلہ جاری ہے جس میں ملکی و بین الاقوامی فنکار شرکت کر رہے ہیں۔

میگا کنسرٹ نائٹ 2 میں عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والی مائی ڈھائی بھی عالمی ثقافتی میلے کا حصہ بنیں تو جیو ڈیجیٹل کو بھی ان سے خصوصی گفتگو کرنے کا موقع مل گیا۔

مائی ڈھائی اپنے پوتوں کے ساتھ کراچی آئیں تھیں اور انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ ہی گاتی ہیں جن میں کوئی سر میں ان کا ساتھ دیتا ہے تو کوئی موسیقی کے آلات بجانے کی ذمہ داری سنبھالتا ہے۔

جیو ڈیجیٹل کو دیے خصوصی انٹرویو میں مائی ڈھائی نے کہا کہ ان کا تعلق جدی پشتی گلوکار و موسیقاروں کے خاندان سے ہے، ان کی والدہ کھنڈ مائی بھی گایا کرتی تھیں اور وہ بھی بچپن سے ہی گا رہی ہیں۔ ایسے ہی گھروں میں گاتے ہوئے ان کے محلے میں رہنے والے سابق صوبائی وزیر ثقافت سندھ سردار شاہ نے انہیں گاتا ہوا سنا، جس کے بعد سے انہیں مختلف مقامات پر پرفارم کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں سردار شاہ کے تعاون سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر پرفارم کرنے میں بھی بہت مدد ملی۔

مائی ڈھائی نے بتایا کہ میں نے 2014 میں امریکا جاکر پرفارم کیا تھا، مصر اور لندن بھی گئی جبکہ کئی دیگر ممالک میں جاکر پرفارم کرنے کا بھی موقع ملا، ان کی وجہ سے کوک اسٹوڈیو تک جانا ممکن ہوا جہاں عاطف اسلم اور کرم عباس کے ساتھ گانے گائے۔

مائی ڈھائی کے ساتھ عاطف اسلم کی گانے کی خواہش

کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں مائی ڈھائی اور عاطف اسلم کا راجستھانی زبان میں گایا گیت 'کدی آوہ نی رسیلا 'کافی مقبول ہوا تھا، البتہ یہ پہلا گانا نہیں تھا جو مائی ڈھائی نے گایا اس سے قبل وہ اسی سیزن کے لیے گلوکار کرم عباس کے ساتھ 'انکھڑ لی پھڑوکی 'گا چکی تھیں، یہ گانا بھی کافی پسند کیا گیا تھا۔

مائی ڈھائی نے بتایا کہ انہوں نے کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں جب گلوکار کرم عباس کے ساتھ'انکھڑ لی پھڑوکی' گایا، یہ گانا عاطف اسلم نے سن کر خواہش ظاہر کی کہ وہ بھی مائی ڈھائی کے ساتھ گانا چاہتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ جب میں کوک اسٹوڈیو تک پہنچی اور گلوکار عاطف اسلم نے مجھے گاتا سنا تو انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ انہیں میرے ساتھ گانا ہے، وہ بہت زیادہ خوش تھے۔

راجستھانی گیت کوک اسٹوڈیو میں گانے کے لیے ان کے بیٹے نے ہی انہیں کہا

مائی ڈھائی نے بتایا کہ بیٹے نے مجھ سے کہا تھا کہ آپ یہ راجستھانی گیت گائیں، اس گانے میں ایک بیوی پردیس گئے ہوئے شوہر کی یاد میں اپنے جذبات کو ظاہر کرتی ہے اور یہ گیت گاتی ہے، جب عاطف نے خواہش ظاہر کی تو پھر ہم نے مل کر اس گانے کو ڈویٹ کی طرح گایا۔

جیو ڈیجیٹل کے پوچھنے پر کہ انہوں نے عاطف کو کیسا انسان پایا اور کیا کوئی گانا وغیرہ گانے کے نسخے بھی بتائے؟

مائی ڈھائی نے قہقہ لگاتے ہوئے کہا کہ عاطف بہت اچھا انسان ہے، البتہ جہاں تک بات سکھانے کی تو وہ پہلے ہی کمال گلوکار ہیں، البتہ گانے سے متعلق تھوڑا بہت ان کو بتایا تھا۔

مائی ڈھائی نے صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے وہ کراچی میں منعقدہ عالمی ثقافتی میلے میں پرفارم کرسکیں۔

واضح رہے کہ جیو اور جنگ کے اشتراک سے 42 روزہ عالمی ثقافتی میلہ کراچی آرٹس کونسل میں جاری ہے جس میں ملکی فنکاروں سمیت 40 ممالک کے فنکار پرفارم کررہے ہیں، فیسٹیول میں تھیٹر، ڈانس، اور میوزیک کانسرٹس وغیرہ شامل ہیں جبکہ مخلتف فنکار بھی فن پاروں اور پینٹنگز کی نمائش کے ذریعے اپنے فن کو پیش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :