Time 08 اکتوبر ، 2024
پاکستان

علی امین نے اسمبلی میں خطاب کے دوران ارکان سے ’ساڈا حق ایتھے رکھ‘ کے نعرے لگوا دیے

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبائی اسمبلی میں خطاب کے دوران ’ساڈا حق ایتھے رکھ‘ کے نعرے لگوا دیے۔

صوبائی اسمبلی سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پر ایک بار پھر چڑھائی کی دھمکی دی۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو نہ ہٹایا تو آئی جی کو ہٹانے کیلئے اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے، اسمبلی کے فلور سے یہ پیغام دے رہا ہوں کہ تیار ہوجاؤ ہم پھر اسلام آباد آرہے ہیں۔

جوش خطابت میں وزیراعلیٰ نے حکومتی بینچز پر بیٹھے ارکان کو کھڑا کروایا اور پوچھا وہ اسلام آباد جانے کیلئے تیار ہیں؟ انہوں نے پوچھا اپنے حق کیلئے تیار ہو؟ اپنے حق کیلئے لڑو گے؟ اپنے حق کیلئے مرو گے؟ سبق سکھاؤ گے؟ صوبے کا حق لو گے؟ اس پر ارکان نے انشاء اللہ کہا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ نے کہا کہ نعرہ مارو ’ساڈا حق ایتھے رکھ‘۔ 

اس کے بعد ارکان نے بھی ساڈا حق ایتھے رکھ کے نعرے لگائے۔

خیال رہے کہ 2011  میں ریلیز ہونے والی رنبیر کپور کی فلم ’راک اسٹار‘ میں ’ساڈا حق‘ گانا ہے جس میں یہ بول بھی ہیں اور لوگ نعرے بھی لگا رہے ہیں۔

گانا موہت چوہان نے گایا ہے اور اس کے میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان ہیں۔

مزید خبریں :