Time 09 اکتوبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

وہ عام غلطیاں جو پرفیوم کی مہک جلد اڑا دیتی ہیں

وہ عام غلطیاں جو پرفیوم کی مہک جلد اڑا دیتی ہیں
پرفیوم کا استعمال ہر فرد کو ہی پسند ہوتا ہے / فائل فوٹو

پرفیوم کا استعمال بہت آسان ہے، بس اس کی شیشی اٹھائیں اور خود پر اسپرے کرلیں۔

مگر پرفیوم کی مہک کو دیر تک برقرار رکھنے کے لیے ذرا زیادہ محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔

درحقیقت جس طرح پرفیوم کا انتخاب کرنے کے لیے سوچنا پڑتا ہے، اسی طرح اسے لگانے کا طریقہ بھی اہم ہوتا ہے۔

ویسے تو کسی پرفیوم کی مہک پورا دن برقرار رکھنا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے، مگر چند عام غلطیاں اس خوشبو کو بہت جلد اڑا دیتی ہیں۔

تو ان غلطیوں کے بارے میں جانیں جو پرفیوم کی خوشبو بہت جلد اڑا دیتی ہیں۔

جسم پر رگڑیں نہیں بلکہ صرف اسپرے کریں

پرفیوم عطر کی طرح نہیں ہوتا جسے ہاتھ میں لگا کر جسم پر استعمال کیا جاتا ہے۔

درحقیقت پرفیوم کو ہاتھ پر اسپرے کرنے کے بعد گلے یا کسی اور جگہ پر لگانے کی عادت سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ جِلد کو رگڑتے ہیں تو وہ گرم ہوتی ہے اور ایسے قدرتی مالیکیولز بنتے ہیں جو مہک کی سمت بدل دیتے ہیں اور وہ جلد اڑ جاتی ہے۔

نبض کے مقامات پر توجہ مرکوز کریں

جسم میں نبض کے مقامات جیسے کلائی اور گردن وغیرہ وہ حصے ہوتے ہیں جو حرارت خارج کرتے ہیں اور وہاں مہک بہت تیزی سے بنتی ہے۔

ماہرین کے مطابق زیادہ بہتر یہ ہے کہ پرفیوم کو جِلد سے 5 انچ دور رکھ کر اسپرے کریں کیونکہ بہت زیادہ قریب کرنے سے سیال بہنے لگتا ہے جو اچھا محسوس نہیں ہوتا۔

گھٹنوں کے پیچھے، شانے یا بالوں پر اسپرے کرنے سے بھی مہک زیادہ دیر تک برقرار رہتی ہے۔

کپڑوں پر اسپرے نہ کریں

پرفیوم سے کپڑوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ مہک بھی جلد ختم ہو جاتی ہے جبکہ جِلد پر مہک زیادہ وقت تک برقرار رہتی ہے۔

صفائی کا خیال رکھیں

اگر آپ کا جسم صاف نہیں تو پھر پرفیوم سے جسمانی بو چھپانا ممکن نہیں ہوتا۔

یعنی اگر آپ کئی دن تک نہاتے نہیں تو پھر پرفیوم کا استعمال فائدہ مند نہیں ہوتا کیونکہ جسم سے خارج ہونے والی بو پرفیوم کی مہک کو خراب کردیتی ہے۔

خشک جِلد پر استعمال نہ کریں

گیلی جِلد پرفیوم کی مہک کو پکڑ لیتی ہے اور کپڑوں پر داغ بھی نہیں لگتے۔

پرفیوم لگا کر چند منٹ تک جِلد کو خشک ہونے دیں اور پھر لباس پہن لیں۔

اگر نہانے کے بعد استعمال نہیں کرنا چاہتے تو جِلد پر ایک لوشن لگائیں اور پھر پرفیوم کو اسپرے کریں۔

بہت زیادہ مقدار استعمال نہ کریں

پرفیوم کی بہت زیادہ مقدار کو اسپرے کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا بلکہ زیادہ خوشبو سے سر درد ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اگر آپ زیادہ تیز مہک والا پرفیوم استعمال کر رہے ہیں تو پھر اس کی کم مقدار کو اسپرے کریں۔

مزید خبریں :