Time 10 اکتوبر ، 2024
پاکستان

مودی کو تیسری مرتبہ جتوانے والے بھارتی کس طرح اچھے ہو سکتے ہیں؟ کامران ٹیسوری

مودی کو تیسری مرتبہ جتوانے والے بھارتی کس طرح اچھے ہو سکتے ہیں؟ کامران ٹیسوری
فوٹو: فائل

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم  نریندر مودی انتہا پسند ہندوؤں کا چہرہ ہے، بھارت کے لوگ کس طرح اچھے ہوسکتے ہیں جنہوں نے تیسری بار مودی کو جتوایا ہے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کو اعزازی ڈگری سے نوازنے کیلئے منعقدہ خصوصی کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تخت پر بیٹھے ہوئے  یزید کا نام کوئی مسلمان رکھنا نہیں چاہتا جبکہ امام حسن  اور امام حسین کے نام پر لوگ مرتے ہیں۔

انہون نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے خطاب میں پی آئی اے سے متعلق بات کی تھی، ان سے کہوں گا آپ اسلام کیلئے پاکستان آئے 500 کلو سامان جو چھوڑ آئے اسے درگزر کردیں، ڈاکٹر ذاکرنائیک دین پھیلانے نکلے ہیں تو چھوٹی باتوں کو درگزر کریں۔

گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستانیوں کے دل میں جھانک کر دیکھیں، کراچی اور میں آپ کے مہمانوں کو لینے گورنرہاؤس کے گیٹ پر کھڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی ہوں مگر ایک مہاجر ہوں میرے آباؤ اجداد بھارت سے اسلام کے نام پر بنے پاکستان کیلئے اپنی حویلیاں، جائیدایں اور سب کچھ چھوڑ کر آئے تھے اور ہمیں کوئی بھی پچھتاو نہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ میں معذرت چاہتا ہوں اگر کسی پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔

مزید خبریں :