Time 10 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

’اب کام کے معیار پر نہیں مقدار پر یقین رکھا جاتا ہے‘، ایوب کھوسو ڈرامہ انڈسٹری سے نالاں

’اب کام کے معیار پر نہیں مقدار پر یقین رکھا جاتا ہے‘، ایوب کھوسو ڈرامہ انڈسٹری سے نالاں
اب یہ مذاق بہت زیادہ ہوتا ہے، آپ سیٹ پر جاتے ہیں آپ کو پتا ہی نہیں ہوتا کون سا کام کرنا ہے: پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر اداکار ایوب کھوسو 4 دہائیوں سے پاکستانی انڈسٹری سے وابستہ ہیں تاہم اب وہ انڈسٹری سے نالاں نظر  آتے ہیں۔

حال ہی میں ایوب کھوسو ایک نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے انڈسٹری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انڈسٹری کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا۔

میزبان نے سوال پوچھا کہ اداکار کو سیٹ پر سین کرنے کیلئے 2 منٹ پہلے بتایا جاتا ہے اور ماضی میں اداکار کو سین سمجھنے کیلئے کافی وقت ملتا تھا، کیا اس کا اثر اسکرین پر نظر آتا ہے؟

اس کے جواب میں سینئر اداکار نے پروڈیوسر کے اس رویے کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ مذاق بہت زیادہ ہوتا ہے، آپ سیٹ پر جاتے ہیں آپ کو پتا ہی نہیں ہوتا کون سا کام کرنا ہے۔

ایوب کھوسو نے ایک واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں پروڈیوسر کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا تو اس کا ایسوسی ایٹ آیا اور اس سے کام کی خبر طلب کی، ایسوسی ایٹ نے کہا کہ آج 15 سین کیے ہیں جس پر پروڈیوسر غصے میں آگیا اور لڑتے ہوئے کہا 18 سین کیوں نہیں کیے؟ ہمارا ٹارگیٹ 18 کا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروڈیوسر نے یہ نہیں پوچھا کام کیسا ہوا، سین کیسے تھے؟  ڈرامہ بنانے والوں کی اکثریت ایسی ہے وہ کام کے معیار پر نہیں مقدار پر یقین رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ سینئر اداکار ایوب کھوسو نے زنجیر، دشت، مٹی، دشمن، شام سے پہلے جیسے متعدد ڈراموں میں کام کیا ہے جب کہ  انہوں نے کامیاب پاکستانی فلم خدا کے لیے میں اپنی اداکاری کے جوہر سے لوگوں کے دل جیتے۔

مزید خبریں :