Time 10 اکتوبر ، 2024
پاکستان

جمہوری قوتوں کو ملکر پارلیمنٹ کے ذریعے عدل کا نظام وضع کرنا ہے، نواز شریف

جمہوری قوتوں کو ملکر پارلیمنٹ کے ذریعے عدل کا نظام وضع کرنا ہے، نواز شریف
فوٹو: پی پی پی

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور عوام کو ریلیف ملنے کی رفتار بڑھنا خوش آئند اور نیک فال ہے۔

نواز شریف نےکہا کہ میثاقِ جمہوریت سے ملک میں جمہوریت کو استحکام ملا، تمام جمہوری قوتوں کو مل کر پارلیمنٹ کے ذریعے عدل کا نظام وضع کرنا ہے، تاکہ کوئی بھی جمہوری نظام کو جب چاہے پٹری سے نہ اتار سکے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت کے نتیجے میں دھرنے، انتشار خلفشار  اور  یلغار کی سیاست کرنے والی غیرجمہوری قوتوں کا تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر مقابلہ کیا ہے۔

 نواز شریف کی بلاول کو شاباش، سیاسی کردار کو سراہا

 نواز شریف نے بلاول بھٹو کے سیاسی کردار کو سراہا اور شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رواداری، اخلاق، آئین و قانون اور  پارلیمان کی بالا دستی کے لیے ہم ایک ہیں، 18 ویں ترمیم نے اداروں کو مضبوط کیا تھا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ  بےنظیر بھٹو شہید  اور نواز شریف نے میثاق جمہوریت سے ملک کو آگے بڑھانےکا  تاریخی قدم اٹھایا، میثاق جمہوریت کے تاریخی قدم کے سفر کو  آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

بلاول نے نواز شریف سے کہا کہ میں آپ کے سیاسی وژن، سوچ اور تجربے کی بہت قدر کرتا ہوں، ملک اور قوم کو  آپ کے سیاسی تجربے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :