Time 11 اکتوبر ، 2024
کھیل

بھارتی ہٹ دھرمی، پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم ایشین چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم

بھارتی ہٹ دھرمی، پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم ایشین چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم
بھارت نے پاکستان ٹیم کے بغیر ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان کر دیا، پاکستان کا شدید احتجاج۔ فوٹو فائل

کراچی: بھارتی حکومت نے ایک بار پھر کھیلوں میں اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم کو ویزے جاری نہ کر کے ایشین چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم کر دیا۔

بھارت کی جانب سے تاحال پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم کو ویزے جاری نہیں کیے گئے جس کے باعث قومی ٹیم ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہو گئی۔

بھارت نے پاکستان ٹیم کے بغیر ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان کر دیا اور پاکستان ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی جانب سے ایشین اور ورلڈ نیٹ بال باڈی سے شدید احتجاج کیا گیا۔

پاکستان ٹیم کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں اور نیٹ بال فیڈریشن کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا۔

صدر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن مدثر آرائیں کا کہنا ہے کہ بھارتی ویزے کیلئے تین ہفتے قبل ہی اپلائی کر دیا تھا، پاکستان کو پی ایس بی نے این او سی بھی جاری کر دیا تھا، بھارتی ویزے کیلئے کئی بار یاد دھانی بھی کرائی گئی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

مدثر آرائیں کا کہنا تھا ایشین چیمپئن شپ کیلئے غیر ملکی ویمن کوچ کی خدمات حاصل کیں، پاکستان کی کچھ خواتین کھلاڑی لندن میں غیر ملکی کوچ کی نگرانی میں پریکٹس بھی کر رہی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے ایشین اور ورلڈ نیٹ بال باڈیز کو احتجاجی خط لکھ دیا ہے۔

ایشین ویمن نیٹ بال چیمپئن شپ 18 اکتوبر سے بھارت کے شہر بنگلورو میں شروع ہو گی۔

مزید خبریں :