12 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ کی سپر اسٹار اداکارہ ریکھا کا ڈانس اور ایکٹنگ دونوں ہی حقیقت سے بھرپور ہوتے ہیں لیکن اسی ایکٹنگ کو حقیقی بنانے کیلئے ریکھا اداکار ریتھک روشن کو ایسا تھپڑ رسید کرچکی ہیں جسے وہ کئی سال گزرنے کے باوجود نہیں بھول سکے ۔
ریتھک روشن کے کیرئیر کو بالی وڈ فلم ’ کوئی مل گیا‘ اور پھر اس فلم کے سیکوئل کرش 1 اور کرش 2 سے اونچی اڑان ملی جس میں ریتھک نے مرکزی کردار اداکیا تھا، فلم ’ کوئی مل گیا‘ میں اداکارہ ریکھا نے ریتھک کی ماں کا کردار نبھایا تھا۔
اس فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے کے دوران ریتھک نے بتایا کہ وہ ایک مرتبہ ریکھا کے ساتھ شوٹ ہونے والے سین کے لیے غلطی سے کسی دوسرے سین کی تیاری کرکے سیٹ پر پہنچ گئے تھے۔
ریتھک کے مطابق اس دن فلم کوئی مل گیا کا وہ سین شوٹ ہونا تھا جس میں روہت ( ریتھک ) کو اس کی ماں (ریکھا ) زوردار انداز میں کئی تھپڑ مارتی ہے جس کے بعد روہت روتے ہوئے اپنی ماں سے پوچھتا ہے کہ وہ سب کی طرح نارمل کیوں نہیں ہے اسے ایسا کیوں بنایا گیا؟‘
اداکار کا بتانا تھا کہ اس سین کی شوٹنگ مشکل مرحلہ تھی جس کیلئے انہیں سیٹ پر پہنچتے ہی اپنی غلطی کا احساس ہوچکا تھا اور چونکہ ان کے والد راکیش روشن اس فلم ڈائریکٹر تھے اس لیے وہ بخوبی جانتے تھے کہ وہ فلم کی شوٹنگ کینسل نہیں کریں گے لہٰذا ریتھک کو پریشانی ہونا شروع ہوگئی تھی۔
ریتھک روشن کے مطابق سین شوٹ ہونے سے پہلے ریکھا نے کہا تھا وہ مجھے سین کو حقیقی انداز دینے کیلئے زوردار تھپڑ ماریں گی لیکن انہیں ریکھا کی بات مذاق لگی تھی جس کے بعد جب سین شوٹ ہوا تو ریکھا نے واقعی زوردار تھپڑ مادیا۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں اس تھپڑ کے بعد احساس ہوا کہ ریکھا سنجیدہ تھیں، اس کے بعد ان کے پاس رونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کیوں کہ تھپڑ کھاکر سارے حقیقی جذبات آگئے تھے۔