11 اکتوبر ، 2024
آئینی ترامیم سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کا مسودہ سامنے آگیا ہے۔
جیو نیوز نے آئینی ترامیم کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کردہ مسودے کی کاپی حاصل کر لی ہے۔
پیپلز پارٹی نے اپنے مسودے میں آئین کے آرٹیکل 175 اے اور 199 میں ترامیم کی تجویز کی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے علاوہ 4 صوبائی آئینی عدالتوں کے قیام کی تجویز بھی دی گئی ہے، مسودے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد جبکہ صوبائی آئینی عدالتیں ہر صوبے میں ہونی چاہئیں۔
خیال رہے کہ خورشید شاہ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی، جے یو آئی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی مسودے پیش کیے گئے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آئینی عدالت کا قیام ضروری ہے، ہم کسی ایک شخص کے حق میں نہیں بلکہ ہمارے لیے سپریم کورٹ کے تمام ججز قابل احترام ہیں، آئینی عدالت کے حوالے سے حکومت کو جلدی ہو سکتی ہے لیکن ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے۔