11 اکتوبر ، 2024
بھارت کی مقامی فلم انڈسٹری (ٹالی وڈ) کے اداکار نتھن کو خاتون سے سونے کی چین چراتے ہوئے رنگوں ہاتھوں پکڑلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون سے سونے کی چین چرانے کا واقعہ بھارتی شہر حیدرآباد میں پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اداکار نتھن اپنی بائیک پر سوار بس اسٹاپ پر پہنچے جہاں اکیلے بس کا انتظار کرتی لڑکی کے گلے سے سونے کی چین زبردستی چھین لی اور فرار ہونے لگے۔
خاتون کے شور مچانے پر قریب ہی موجود دو افراد نے اداکار کو دھرلیا اور پھر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے اداکار کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نتھن نے فلم ’بے بی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں تاہم چوری کرنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔
پولیس نے اداکار کو پکڑنے پر دونوں افراد کو تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔