12 اکتوبر ، 2024
پشاور: پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا ہےکہ امین گنڈا پور کے غائب ہونےسے کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوئی اور قیادت کو واضح کرنا چاہیے تھا کہ ڈی چوک جاکر کرنا کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ اس وقت پارٹی میں ہر کوئی دوسرے پر ڈبل گیم کا شک کررہا ہے، اڈیالہ میں ملاقات کرنے والے وہ باتیں کرتے ہیں جن کی ضرورت نہیں، ہوسکتاہے کچھ میرے ہی دوست ہوں جو دونوں کے قریب ہوں، ہوسکتا ہے دونوں میں کچھ چیلنجز کے ذریعے بات چیت چل رہی ہو۔
انہوں نے کہا کہ بتانا چاہتا تھا جلسہ کرنا ہے یا دھرنا دینا ہے، اب کارکن مایوس ہے، علی امین گنڈا پور کے غائب ہونےسے کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوئی، قیادت کو واضح کرنا چاہیے تھا کہ ڈی چوک جاکر کرنا کیا ہے، لیڈرز مکس سگنلز دیں تو کارکنان کنفیوژ ہوتے ہیں۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ ڈیل ذات کے لیے ہوتی ہے اور راستہ ملک کے لیے ہوتاہے، کسی نہ کسی اسٹیج پر پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھ کر راستہ نکالنا پڑے گا، اگرکوئی پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا سوچ رہا ہے تو یہ ختم نہیں ہوگی۔