13 اکتوبر ، 2024
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران اور اسرائیل کے درمیان باقائدہ جنگ کا خطرہ موجود ہے اور امریکا نے جنگ کی صورت میں اسرائیل کے دفاع کا فیصلہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے دو ہفتے قبل ہونے والے ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں اب اسرائیل حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اس کے جواب میں مزید ایرانی حملوں کے دفاع کی بھی تیاری کا جائزہ لے رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے بھی کسی ممکنہ حملے کی صورت میں جوابی حملے کا پلان بنا رکھا ہے اور اسی جوابی حملے سے اسرائیل کو بچانے اور اس کے دفاع کے لیے امریکا نے اسرائیل کو اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ٹرمینل ہائی ایلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس" (THAAD) کہلاتا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا تھاڈ اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم اسرائیل میں نصب کرے گا جو 150 سے 200 کلومیٹر کی رینج میں آنے والے میزائلوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ کم از کم 3 ہزار امریکی فوجی اسرائیل میں تعینات کئے جارہے ہیں۔
خبر کے مطابق مشرق وسطی میں اضافی پیٹریاٹ بٹالینزتعینات کرنے کا بھی امکان ہے جبکہ خطےمیں پہلے سےتعینات امریکی افواج کے تحفظ کے لیے مزید مقامات پر پیٹریاٹ بٹالینز تعینات ہونگی جو جدید فضائی انٹرسیپٹر میزائل اور ریڈار سسٹم کا استعمال کرتے ہیں۔