13 اکتوبر ، 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور سابق ٹیم منیجر اور سلیکٹر وہاب ریاض آمنے سامنے آگئے اور دونوں کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی۔
بولر اسامہ میر کے این او سی پر دونوں نے ایک دوسرے پر لفظی وار شروع کر دیے۔
سوشل میڈیا پر ایک پروگرام میں وہاب ریاض نے اسامہ میر کو این او سی نہ دینے پر عثمان واہلہ کو کھری کھری سنائیں، انہوں نے کہا کہ اسامہ میر نے این او سی کے لیے متعدد بار عثمان واہلہ سے رابطہ کیا تاہم عثمان واہلہ نے اسامہ میر کی درخواست کو اگنور کیا۔
وہاب ریاض کے الزام پر عثمان واہلہ بھی میدان میں آگئے اور وہاب ریاض کے الزامات کی تردید کر دی۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ نے لکھا کہ اسامہ میر سے اس حوالے سے بات ہوئی اور وہ یکطرفہ الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
عثمان واہلہ کے جواب پر وہاب ریاض نے عثمان واہلہ کو سب کچھ سامنے لانے کی دھمکی دیتے ہوئے لکھا کہ تمام اسکرین شاٹس اور ای میلز جھوٹ نہیں بول سکتیں، تمام اسٹوری بتاؤں گا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، صرف اسی سوال کا جواب دیا جو پوچھا گیا تھا اور اگر کوئی اس کی تردید کرتا ہے تو میں تمام ثبوت انہیں فراہم کر دوں گا۔