Time 13 اکتوبر ، 2024
پاکستان

سندھ پولیس کے اہلکاروں کو سستے پلاٹ اور بلا سود موٹرسائیکلیں دینے کا فیصلہ

سندھ پولیس کے اہلکاروں کو سستے پلاٹ اور بلا سود موٹرسائیکلیں دینے کا فیصلہ
 اہلکاروں کے لیے پلاٹ کی پہلی ڈاؤن پیمنٹ پولیس فاؤنڈیشن دے گی، ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ پولیس اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے انسپکٹر رینک تک کے ملازمین کو مراعات فراہم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن ساؤتھ میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا جہاں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز سمیت افسران و جوانوں اور ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے شرکت کی۔

اس موقع گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی این پی ایف عرفان زمان نے کہا کہ این پی ایف کا مقصد پولیس کی فلاح ہے، اہلکاروں کے لیے پلاٹ کی پہلی ڈاؤن پیمنٹ پولیس فاؤنڈیشن دے گی اور  پولیس ہاؤسنگ سوسائٹی کے پہلے 2000 پلاٹس میں این پی ایف 50 ہزار روپے کی شراکت کرے گی۔ 

 ایم ڈی این پی ایف نے کہا کہ قسطوں پر بلاسود الیکٹرک موٹر بائیک فراہمی کا آئیڈیا آئی جی سندھ کا ہے، فاؤنڈیشن کا مقصد انسپکٹر رینک تک کے ملازمین کو مراعات فراہم کرنا ہے۔ 

اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ  فاؤنڈیشن کی جانب سے سندھ پولیس کی فلاح کے اقدامات کو سراہتا ہوں،  مارکیٹ کے لحاظ سے سندھ پولیس کو آدھی قیمت پر فراہمی بہترین اقدام ہے،  پلاٹ کی بکنگ پر 50 ہزار کی ادائیگی این پی ایف کی جانب سے کرنا قابل تعریف و ستائش ہے۔ 

آئی جی سندھ نےکہا کہ میری خواہش ہے ہر پولیس جوان کا اپنا گھر ہو، ہم بھی سندھ پولیس کو بلا سود موٹر سائیکلیں دیں گے، میں این پی ایف کو ہر ممکن سپورٹ کی یقین دہانی کراتا ہوں، پوائنٹ می ایپ ملازمین کی حاضری کے نظام میں انتہائی مفید اضافہ ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی ہیلتھ انشورنس اسکیم کے لیے 5 ارب  روپے مختص کردیے ہیں، نادرا سے ملازمین کا فیملی ٹری موصول ہوتے ہی کام کا آغاز ہو جائے گا جس کے تحت سندھ پولیس کے کسی بھی ضلع کا جوان کراچی کے بہترین اور معیاری اسپتالوں سے علاج معالجہ کرا سکے گا۔

مزید خبریں :