Time 13 اکتوبر ، 2024
دنیا

سلمان خان پر حملہ کرنے والے بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی

سلمان خان پر حملہ کرنے والے  بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی
سلمان خان اور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے قربت اور دوستی ہونے کی وجہ سے بابا صدیقی کو قتل کیا: بشنوئی گینگ۔ فوٹو فائل

ممبئی: بھارتی سیاستدان اور ریاست مہارشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی ذمہ داری سلمان خان پر حملہ کرنے والے لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی۔ 

ریاست مہارشٹرا کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کو کل ممبئی میں قتل کردیا گیا تھا جس کی ذمہ داری آج لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے قبول کی اور کہا کہ انہوں نے سلمان خان اور انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے قربت اور دوستی کی وجہ سے بابا صدیقی کو قتل کیا۔ 

دوسری جانب بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بابا صدیقی کے قتل میں 3  شوٹرز ملوث تھے جن میں سے 2  کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

پولیس کے مطابق قتل میں ملوث ایک ملزم کو ہریانہ اور دوسرے کو اتر پردیش سے گرفتار کیا گیا جبکہ جس اکاؤنٹ سے قتل کی ذمہ داری قبول کی گئی اس سے متعلق بھی حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔ 

واضح رہے  کہ بابا صدیقی کی جانب سے بالی وڈ ستاروں کو ہر سال ماہ رمضان میں افطار پارٹی پر مدعو کیاجاتا تھا اور ان کے افطار نے ہی ماضی میں ایک دوسرے کے حریف سمجھے جانے والے شاہ رخ خان اور سلمان خان کو قریب کیا اور یہ تعلق اب اچھی دوستی میں بدل گیا ہے۔

یاد رہے بشنوئی گینگ کے افراد نے اس سال 14 اپریل کو باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پر واقع سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کی بالکونی میں 2 ملزمان نے فائرنگ کی تھی جب کہ اس کے بعد ان کے والد کو بھی حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔ 


مزید خبریں :