Time 13 اکتوبر ، 2024
پاکستان

کراچی: دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس کا ایکشن، گورنر ہاؤس کا علاقہ میدان جنگ بن گیا، متعدد گرفتار

کراچی میں دفعہ ایک سو 144 کی خلاف ورزی پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوگیا، گورنرہاؤس اور میٹروپول کا علاقہ میدانِ جنگ بن گیا۔

کراچی میں آج مذہبی جماعت کی جانب سے تین تلوار سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا جبکہ پریس کلب پر سول سوسائٹی اور سندھ رواداری مارچ نے بھی احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا۔

تاہم شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد تمام ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی جس کے بعد سے پولیس نے تین تلوار اور کراچی پریس کلب پہنچنے والے 100 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

حراست میں لیے جانے والے افراد کیلئے مظاہرین نے آرٹلری میدان تھانے کے باہر احتجاج کیا۔

دوسری جانب مظاہرین پہلے کینٹ اسٹیشن پہنچے جنہیں پولیس نے مذاکرات کے بعد وہیں روک دیا تاہم پھر مشتعل مظاہرین نے میٹروپول کے راستے کراچی پریس کلب جانے کی کوشش کی جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی۔

مشتعل مظاہرین نے ایک پولیس موبائل کو آگ لگادی جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

 پریس کلب کے سامنے پولیس کی جانب سے صحافیوں پر بھی لاٹھی چارج کیا گیا اور انہیں حراست میں لیا جس میں مقامی نیوز ٹی وی کےرپورٹر شوکت کورائی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسد رضا نے آکر صحافیوں سے بات چیت کی اور واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ 

حراست میں لیے گئے مظاہرین اورصحافیوں کو بعد میں رہا کردیا گیا۔  گرفتار ہونے والوں میں ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن پاکستان کی جنرل سکرٹری زہراخان سمیت دیگرخواتین بھِی شامل تھیں۔

مزید خبریں :