Time 14 اکتوبر ، 2024
پاکستان

شرجیل انعام میمن کو بطور وزیر کتنی تنخواہ ملتی ہے اور سالانہ آمدنی کیا ہے؟

شرجیل انعام میمن کو بطور وزیر کتنی تنخواہ ملتی ہے اور سالانہ آمدنی کیا ہے؟
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل میمن حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’ ایک دن جیو کے ساتھ ‘ کے مہمان بنے تھے جس دوران انھوں نے کئی موضوعات پر گفتگو کی

سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی )  کے رہنما شرجیل انعام میمن  نے بطور وزیر ملنے والی تنخواہ او ر مراعات کا انکشاف کیا ہے۔

رواں برس اپریل میں شرجیل انعام میمن کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا تھا اس کے علاوہ شرجیل انعام میمن کے پاس محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایکسائز کا قلمدان بھی ہے۔

حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل  انعام میمن  جیو نیوز کے پروگرام ’ ایک دن جیو کے ساتھ ‘ کے مہمان  بنے جس دوران انھوں نے  اپنے سیاسی کیرئیر سمیت ذاتی زندگی  کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

دوران انٹرویو میزبان سہیل وڑائچ نے رہنما پی پی شرجیل میمن سے سوال کیا کہ آپ تو کئی وزارتوں کے وزیر ہیں کیا آپ کو تمام وزارتوں کی تنخواہ ملتی ہے ؟

 سوال کے جواب پر شرجیل میمن نے  بتایا کہ ’ مجھے مختلف وزارتوں کی تنخواہ نہیں ملتی بلکہ بطور وزیر تنخواہ ملتی ہے، اس وقت ایک وزیر کی تنخواہ سب  کچھ ملا کر تقریباً ڈیڑھ لاکھ ہوجاتی ہے‘۔

وزیر کو ملنے والی مراعات  کے سوال پر شرجیل میمن  کا کہنا تھا کہ ’ ایک وزیر کو سرکاری گھر اور میڈیکل بطور مراعات دیا جاتا ہے لیکن مجھ سمیت سندھ کے کئی وزیر یہ سرکاری گھر اور میڈیکل نہیں لیتے‘۔

سندھ کی وزارتوں کے علاوہ ذاتی کاروبار سے سالانہ حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق شرجیل میمن نے بتایا کہ’ میں نے کئی کاروبار میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے  اورمیں ایک کروڑ سے زیادہ کا ٹیکس ادا کرتا ہوں ‘۔

سینئر  رہنما پی پی کا مزید کہنا تھاکہ  میری سالانہ تنخواہ اچھی خاصی بن جاتی ہے لیکن اس کا  مجموعہ میں نے  نہیں نکالا۔

مزید خبریں :