Time 14 اکتوبر ، 2024
دنیا

بابا صدیقی پر گولیاں چلاتے وقت گارڈ کی آنکھوں میں کیا ڈالا؟ قاتلوں کا دوران تفتیش انکشاف

بابا صدیقی پر گولیاں چلاتے وقت گارڈ کی آنکھوں میں کیا ڈالا؟ قاتلوں کا دوران تفتیش انکشاف
بابا صدیقی کو نان کیٹیگرائیز سکیورٹی دی گئی تھی اور ان کی سکیورٹی پر کل 3 جوان مامور تھے: بھارتی میڈیا/ فوٹو بھارتی میڈیا

ممبئی: بھارتی سیاستدان اور ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل کے وقت شوٹرز نے ان کے گارڈ کی آنکھوں میں لال مرچ پھینکی تھیں۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق دو روز قبل قتل کیے جانے والے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کے قتل میں جن دو شوٹرز کو گرفتار کیا گیا تھا ان سے تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ بابا صدیقی کو قتل کرتے وقت قاتلوں نے ان کے گارڈ کی آنکھوں میں لال مرچ پھینکی تھی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ تمام 3 شوٹرز اپنے ساتھ لال مرچ پاؤڈر اور کالی مرچ کا اسپرے ساتھ لائے تھے، جیسے ہی ایک شوٹر نے بابا صدیقی پر فائرنگ کی اس وقت باقی دو شوٹرز نے وہاں موجود واحد گارڈ کی آنکھوں میں لال مرچ پھینک دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیقی کو نان کیٹیگرائیز سکیورٹی دی گئی تھی اور ان کی سکیورٹی پر کل 3 جوان مامور تھے جو 3 مختلف شفٹوں میں کام کرتے تھے، اس طرح ایک وقت میں صرف ایک گارڈ ہی ان کی حفاظت پر مامور ہوتا تھا۔ 

دوسری جانب بابا صدیقی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان میں سے 2 گرفتار ملزمان کا کہنا ہے کہ انہیں بابا صدیقی کے قتل کے ماسٹر مائنڈ کے بارے میں کچھ نہیں پتا اور اس بارے میں صرف تیسرا فرار شوٹر شیو کمار ہی جانتا ہے۔ 

واضح رہے کہ12 اکتوبر کو ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کردیا گیا تھا جس کی ذمہ داری سلمان خان پر حملہ کرنے والے لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی ہے اور اس سلسلے میں پولیس نے حملہ کرنے والے 2  شوٹرز کو بھی گرفتار کیا ہے جب کہ ایک شوٹر فرار ہے۔ 

مزید خبریں :