14 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے لیے چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت اور دورہ پاکستان پر اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں بچوں نے انہیں گلدستہ پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے چینی وزیراعظم کا نور خان ائیر بیس پر استقبال کیا۔
چینی وزیراعظم کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
چینی وزیراعظم کی آج صدر زرداری سے ملاقات متوقع ہے اور وہ دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جب کہ معزز مہمان گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کریں گے۔
واضح رہے شنگھائی تعاون تنظیم کا دورہ روزہ اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے جارہا ہے جس میں مختلف ممالک کے وزرائے اعظم سمیت اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم لی چیانگ کا پیغام
پاکستان آمد کے بعد چینی وزیراعظم لی چیانگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی 23ویں میٹنگ میں شرکت کرنے اور وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان کادورہ کرنے پربہت خوشی ہے۔
چینی وزیراعظم نے کہا کہ جیسےہی میں جہاز سے اترا، مجھے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا، پاکستانی عوام کی گہری برادرانہ دوستی اور مہمان نوازی نے متاثر کیا، پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے جب کہ پاکستان چین کا ہر موسم کا اسٹریٹجک تعاون کرنے والا ساتھی اور آہنی دوست ہے۔
لی چیانگ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو چینی عوام بہت پسند کرتے ہیں اور سراہتے ہیں ، 73سال میں دونوں ممالک نےمستقل اعتماد قائم رکھااورایک دوسرےکی حمایت کی، چین پاکستان تعلقات دوطرفہ ریاستی تعلقات کی ایک عمدہ مثال بن گئے ہیں۔