Time 14 اکتوبر ، 2024
دنیا

اسرائیلی فوج حزب اللہ کا ڈرون کیوں نہ گرا سکی؟ حیران کن انکشاف سامنے آگیا

اسرائیلی فوج حزب اللہ کا ڈرون کیوں نہ گرا سکی؟ حیران کن انکشاف سامنے آگیا
حزب اللہ کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز ممکنہ طور پر صیاد 107 ماڈل کے تھے— فوٹو: فائل

اسرائیلی فوج گزشتہ شب حزب اللہ کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون گرانے میں ناکام رہی جس کے بعد ایک ڈرون نے اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔

حزب اللہ کے ڈرون نے بن یامینا کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ کی ٹریننگ بیس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 60 کے قریب زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد ہلاک و زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے اسرائیلی فوج پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے وقت بیس پر موجود فوجی کھانے کے لیے میس میں جمع تھے جہاں ڈرون آکر گرا۔

ڈرون کے گرنے سے قبل فوجی اڈے اور اس کے اطراف میں خطرے سے آگاہ کرنے والے سائرن بھی نہیں بجے۔

حزب اللہ کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز ممکنہ طور پر صیاد 107 ماڈل کے تھے جو سمندر کی طرف سے اسرائیل میں داخل ہوئے اور ان میں سے ایک کو سمندر کے اوپر ہی تباہ کردیا گیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے دوسرے ڈرون کو بھی ٹریس کرلیا تھا اور اسے گرانے کے لیے ہیلی کاپٹر اور طیارے بھیجے گئے تاہم تھوڑی ہی دیر بعد ڈرون ریڈار سے غائب ہوگیا۔

اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ ریڈار سے غائب ہونے کے کچھ ہی لمحوں بعد ڈرون اسرائیلی فوجی اڈے پر جاگرا۔

مزید خبریں :