Time 14 اکتوبر ، 2024
دنیا

اسرائیلی میڈیا نے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں آرمی چیف کی ہلاکت کی تردید کردی

اسرائیلی میڈیا نے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں آرمی چیف کی ہلاکت کی تردید کردی
 مختلف اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ڈرون حملے میں اسرائیلی آرمی چیف بھی ہلاک ہوگئے،فوٹو: فائل

اسرائیلی میڈیا نے گزشتہ روز  شمالی اسرائیل میں فوجی بیس پر ہونے والے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں اسرائیلی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہالیوی کی ہلاکت کی تردید کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور  60 سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے تھے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد ہلاک و زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے اسرائیلی فوج پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنان سے آنے والے ڈرون نے اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ کی ٹریننگ بیس کو نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت بیس پر موجود فوجی کھانے کے لیے میس میں جمع تھے۔

حملے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس ڈرون حملے میں اسرائیلی آرمی چیف بھی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا نے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں آرمی چیف کی ہلاکت کی تردید کردی

مذکورہ خبروں پر آئی ڈی ایف کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم اسرائیلی میڈیا نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے افواہ قرار دیا ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حزب اللہ کے ڈرون حملے کے بعد ایکس پر ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے بھی لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہالیوی کی ہلاکت کی جھوٹی خبریں پوسٹ کی گئیں۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حملے کے بعد اسرائیلی آرمی چیف نے متاثرہ بیس کا دورہ کیا اور وہاں موجود اسرائیلی فوجیوں سے ملاقات کی۔ 

مزید خبریں :