Time 14 اکتوبر ، 2024
پاکستان

فصلوں کی انشورنس، قدرتی آفت کی صورت میں امداد ملے گی: سندھ حکومت نے بینظیر ہاری کارڈ جاری کردیا

سندھ حکومت نے بینظیر ہاری کارڈ جاری کردیا۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہاری کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت تک 15 لاکھ ہاری ہمارے پاس رجسٹرڈ ہیں، اس سال کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ سندھ بینک کے ذریعے بلا سود ہاریوں کو قرض دینے پر کام کر رہے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 25 ایکڑ سے زیادہ بڑے آبادگاروں کو بھی ہاری کارڈ دیا جائے گا، رجسٹرڈ کاشت کاروں میں 72 فیصد ایک سے ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین کے مالکان ہیں، بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کاشت کاروں کو فوری نقد امداد اور آسان شرائط پر قرضے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کاشت کاروں کو فوری نقد امداد، نرم شرائط پر قرضے ملیں گے ،جبکہ معیاری بیجوں، کھاد اور گندم کی سرکاری خریداری میں کارڈ ہولڈرز کو ترجیح دی جائے گی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ ساڑھے 12 ایکڑ والے کاشتکاروں کو ایک سے 2 ہزار روپے فی ایکڑ اور 25 ایکڑ سے زیادہ والے ہاریوں کو 500 سے 1000 روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جائےگی، ہاری کارڈ تعلقہ سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی جاری کرے گی۔

تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کسانوں میں ہاری کارڈ تقسیم کیے۔

مزید خبریں :