Time 15 اکتوبر ، 2024
پاکستان

عمران کی میڈیا اور آکسفورڈ چانسلر شپ کی مہم کیلئے لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کرلیں، ذلفی بخاری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے پارٹی کے بانی عمران خان کی آکسفورڈ چانسلر شپ کی مہم کیلئے لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کرلیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ عمران خان کی میڈیا اور آکسفورڈ کی چانسلر شپ کی مہم کرنے کیلئے دو تین لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو لابنگ فرم کی خدمات کے حصول پر تکلیف نہیں ہونی چاہیے کیونکہ میں نے اس کیلئے کسی سے پیسے نہیں لیے ہیں،  یورپ میں مہم شروع ہوگی تو یورپین ماہرین کی خدمات حاصل کریں گے۔

ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ ہمارے وکلا کی رائے کے مطابق عمران خان کو چانسلر کا الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ درپیش نہیں، میٹرکس چیمبر کی رائے حتمی نہیں، مختلف وکلا کی رائے الگ الگ ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ چانسلر شپ کے الیکشن کی وجہ سے یہاں لوگوں کو پتہ چل رہا ہے عمران خان جیل میں ہیں اور کیوں ہیں؟ امید ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی بانی پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے گی، بانی پی آئی کی مخالفت میں صرف ایک مضمون آیا ہے باقی اکثریت ان کے حق میں ہیں، بعض جماعتوں کی بقا کیلئے بانی پی ٹی آئی کا جیل میں ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے رواں ماہ کے اختتام سے ایک نئی کمپین شروع کریں گے، آکسفورڈ کا نتیجہ ہمارے حق میں نہ بھی آیا تو نئی مہم شروع کردیں گے۔

مزید خبریں :